اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جامع ایٹمی معاہدے کے رکن تین یورپی ملکوں نے امریکہ کے اس دعوے کے جواب میں کہ ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی تمام پابندیاں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں، ایک مشترکہ بیان جاری کر کے سلامتی کونسل کی قرار داد بائیس اکتیس کی مکمل پاسداری پر زور دیا ہے۔
جامع ایٹمی معاہدے کے رکن تین یورپی ملکوں، جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ کے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ آٹھ مئی کو دو ہزار اٹھارہ کو ایٹمی معاہدے نکل چکا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اب ایٹمی معاہدے کا رکن نہیں رہا لہذا ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی تمام پابندیوں کی بحالی کا امریکی دعوی بھی غیر قانونی ہے۔
جامع ایٹمی معاہدے کے باقی ماندہ یورپی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ اس بنیاد پر کیا جانے والے کوئی بھی فیصلہ اور اقدام بھی غیر موثر رہے گا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام رکن ملکوں کی مخالفت کے باوجود امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے ہفتے کے روز یہ دعوی کیا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی عائد کردہ تمام پابندیاں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے یہ دعوی ایسے وقت میں کیا ہے جب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے سلامتی کونسل کے نام ایک خط میں واضح کیا ہے کہ اجماع کے فقدان کی وجہ سے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیاں بحال کرنے کی امریکی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲